پیٹرول کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچا کرعمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا، بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا، ڈالر اور پیٹرول بلند ترین سطح پر ہوں گے تو ہر شے عوام کی دسترس سے نکل جائے گی، عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلاؤں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے اور عمران خان چین کی بانسری بجارہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیٹرول 5 روپے مزید مہنگا ہوگیا، قوم کے اچھے دن کب آئیں گے؟ بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے؟ سستا پیٹرول فراہم کرنے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنے والے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کررہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع ہونے والے اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑادے گی۔


