جامعات کی سینڈیکیٹ میں موجود ایم پی اے اپنے فرائض سے چشم پوشی کررہے ہیں،کبیر محمد شہی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی نے اپنے دورمیں تعلیم بجٹ کو 4فیصد سے بڑھا کر24فیصد کیا اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کرکے کالجز اور اسکولز کی اپ گریڈیشن کی اورطلباء وطالبات کو تعلیمی وظائف دئیے بدقسمتی سے آج حکمران صرف کمیشن اورکرپشن کے کاموں میں دلچسپی لے رہے ہیں جامعہ بلوچستان صوبے کاسب سے بڑاتعلیمی ادارہ ہے جہاں اساتذہ تنخواہوں سے بھی محروم ہیں جبکہ بھاری رقوم کہاں خرچ کی گئیں کسی کو معلوم نہیں ان خیالات کااظہارانہوں نے محمدشہی ہاؤس کوئٹہ میں اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، جنرل سیکرٹری باقی جتک، آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر نذیر بلوچ، ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے صدر شاہ علی بگٹی کی سربراہی میں وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا وفد نے انہیں نئے ایکٹ پراپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ سینٹرالایز ایکٹ میں فیکلیٹی ممبران، آفیسران، ایمپلائیز ایسوسی ایشن و طلباء کی نمائندگی مکمل ختم کردی گئی ہے میرکبیر نے ایکٹ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جامعات کی سینڈیکیٹ میں موجود ایم پی اے اپنے فرائض سے چشم پوشی کررہے ہے اساتذہ‘افسران‘ملازمین اورطلباء تنظیموں کے سڑکوں پرآنے سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت اورارکان اسمبلی میں مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں تاہم نیشنل کسی تعلیمی ادارے کویرغمال ہونے نہیں دے گی اس موقع پربی ایس او پجار کے مرکزی چیئرمین زبیر بلوچ، سی سی ممبر طارق بلوچ، کوئٹہ زون کے صدر ڈاکٹر عمیر بلوچ، آرگنائزر نیشنل پارٹی تحصیل نوشکی خان جان بلوچ‘بی ایس اوکیوکرم بلوچ بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں