نیویارک، شاہ محمود قریشی کورونا ایس او پیز کو نظرانداز کرتے رہے

نیو یارک:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکہ کے دوران کورونا ایس او پیز کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے اکثرموقعوں پرماسک لگانے سے گریز کیا۔ انہوں نے ائیرپورٹ پرماسک لگایا اور صحافیوں سے مصافحہ بھی کیا۔ جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے بھی شاہ محمود قریشی کی پیروی کرتے ہوئے ماسک اتار دیا۔یاد رہے کہ وزیر خارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے گذشتہ روز نیویارک روانہ ہوئے،وزیر اعظم عمران خان 24 ستمبر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو خطاب کریں گے،وزیر خارجہ نیویارک میں منعقدہ 76ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ، اقوام متحدہ کے اعلی عہدیداران سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خارجہ نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز سمیت متعدد فورمز میں شرکت اور اظہار خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیویارک میں قیام کے دوران پاکستانی امریکن کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خارجہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو بھی کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کے اس دورے کے دوران افغانستان سمیت اہم امور اٹھائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں عالمی برادری کے نمائندے شریک ہوں گے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد جی 20 ممالک کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہو گا جس میں افغانستان میں کام کرنے والی این جی اوز کو بھی بلایا گیا ہے۔ اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اطالوی وزیر خارجہ لوئیگی ڈی مائیو نے بتایا کہ جی 20 کا غیر معمولی اجلاس افغانستان کی صورتِ حال پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر کے بعد جی 20 کے وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاریوں کیلئے ملیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں کام کرنے والے اقوامِ متحدہ کے ذیلی اداروں کو بھی اجلاس میں بلایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں