جائیداد منتقلی تنازع، عمر شریف کے فلیٹ کا تیسرا فریق عدالت پہنچ گیا
کراچی: عمر شریف کی تیسری اہلیہ زرین غزل کو جائیداد منتقلی تنازع میں نیا موڑ آیا ہے۔ فلیٹ کے تیسرے فریق سلمان نے عدالت میں متفرق درخواست دائر کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل بنچ کے روبرو معروف لیجنڈ اداکار عمر شریف کی جائیداد منتقلی کے تنازع سے متعلق جائیداد تیسری بیوی زرین غزل کو منتقل کرنے کے خلاف عمر شریف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
فلیٹ کے تیسرے خریدار سلمان نے عدالت میں متفرق درخواست دائر کردی۔ درخواست گزار کے وکیل محسن شہوانی ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ میرے مؤکل نے زرین غزل سے فلیٹ خریدا۔ میرا موکل سلمان پہلے ہی ساڑھے 10 کروڑ میں فلیٹ خرید چکا ہے اور فلیٹ خریداری سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے۔ اب رجسٹرار کی جانب سے فلیٹ پر اعتراض کی اطلاع ہے، عدالت عبوری حکم نامے پر نظر ثانی کرے۔
عدالت نے سلمان کے وکیل سے استفسار کیا بتائیں، کس سے فلیٹ خریدا؟ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میرے موکل نے زرین غزل سے فلیٹ خریدا۔بعد ازاں عدالت نے عمر شریف کے وکیل سے استفسار کیا، کیا فلیٹ آپ نے بیچا؟ عمر شریف کے وکیل نے موقف دیا کہ ہم نے صرف سیل اور گفٹ ڈیٹ کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست گزار سلمان کے وکیل محسن شہوانی ایڈووکیٹ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ عدالت حکم امتناعی ختم کردے۔ تاہم عدالت نے حکم امتناعی واپس لینے سے انکار کردیا۔ عدالت نے عمر شریف سمیت تمام فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے تیاری کرنے کی ہدایت کردی اور نومبر کے پہلے ہفتے کے لیے سماعت ملتوی کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں عمر شریف کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ عمر شریف نے 2016 میں بینک سے قرضہ لے کر عسکری فور میں اپارٹمنٹ خریدا۔ عمر شریف شدید علیل ہیں، انہیں بھولنے کی بیماری ہے۔ علالت کے دوران تیسری بیوی زرین غزل نے دسمبر 2020 میں خوفزدہ کرکے اپارٹمنٹ اپنے نام کرلیا۔ عمر شریف کو خدشہ ہے کہ اب 11 کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ زرین غزل فروخت کرنا چاہتی ہیں لہذا عمر شریف کی گفٹ ڈیڈ کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عمرشریف نے تیسری بیوی کی گفٹ ڈیڈ کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔