ہرنائی، زلزلے سے جانی نقصانات پر بہت دکھ ہوا، نواب رئیسانی
سبی: چیف آف سراوان وسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے ہرنائی میں حالیہ زلزلہ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہرنائی شاہرگ سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے سے جانی نقصان کا بہت دکھ ہوا قدرتی آفات میں انسان بے بس ہوجاتا ہے احتیاط اور ہمت سے مزید جانی نقصانات سے محفوظ رہ جاسکتا ہے ہرنائی شاہرگ ومتاثرہ علاقوں کی عوام اپنی مدد آپ سے ہی اس مشکل گھڑی سے نمٹ سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبر رساں ادارے آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیف آف سراوان وسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ قدرتی آفات میں ہمیں صبر سے کام لیتے ہوئے اپنی مدد آپ اس مشکل گھڑی میں لوگوں کی مدد بھی کرنی ہے ہرنائی وگردونواح میں زلزلہ سے متاثر ہونے والے افراد سرکارکی جانب مدد کے لئے نہ دیکھیں کیونکہ سرکار کے پاس ان کی مدد کے لئے کچھ بھی نہیں انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں زلزلے میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ شریک ہیں انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ جان بحق ہونے والے تمام افراد کو جوار رحمت میں اعلیٰ درجات عطاء فرمائیں اور زلزے میں ذخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔


