پیپلز پارٹی نے ملک میں مزید مہنگائی کا خدشہ ظاہر کردیا

کوئٹہ :پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جمعہ کو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلا ف پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے دفتر سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی باچا خان چوک پر پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی مظاہرین سے پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنر ل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی،نائب صدر شیخ بلال مندوخیل،کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ،ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی،ولی محمد وردگ،شہزادہ کاکڑ،اشفاق بلوچ، شاہجہاں گجر،جعفر جارج،ظہور آغا ایڈوکیٹ،احسان افغان،صوبدار جتک،رحمت اللہ کدیزئی،رفیق سجاد زہری،امتیاز جتک،سیدایوب آغانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کو روٹی،کپڑا اور مکان دینے کی صلاحیت رکھتی ہے نا اہل اور سلیکٹڈ عمرا ن نیازی نے 3سال کے دوران مہنگائی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں تبدیلی سرکار مہنگائی اوربے روز گاری پر کنٹرول کرنے کی بجائے سابقہ حکمرانوں کو طعنے دے رہی ہے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضا فہ غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھننے کے مترادف ہے پی ٹی آئی حکومت کا تمام فوکس عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے آٹا،چینی اور پٹرولیم چوروں کو بچانے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور ڈالر170روپے سے تجاوز کرگیا ہے جس سے مہنگائی میں مزیدا ضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث گیس،بجلی،ادویات،اشیاء خوردونوش عوام کی پہنچ سے دورہوچکی ہیں اور عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں اپنے بچوں سمیت خودکشیاں کرنے پرمجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور مہنگائی کا سارا ملبہ سابقہ حکمرانوں پر ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن عوام کے سامنے انکے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں اب عوام انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پاس گروی رکھ دیا ہے اورانکے کہنے پرپٹرولیم، بجلی،گیس اوراشاء خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اقتدا ر میں آنے سے قبل عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھردینے کے خواب دیکھائے لیکن اقتدارمیں آنے کے بعد ابتک لاکھوں لوگوں کو بے گھر اور بے روزگار کرچکے ہیں وفاقی وزیرفواد چوہدری کا 3سال کے دوران عوام کو 1کروڑ نوکریاں فراہم کردینے کا دعویٰ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ ہونے کی وجہ سے علاج معالجہ بھی غریب عوام کی دسترس سے باہر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اسوقت سنگین بحرانوں سے دوچار ہے حکمران نے کرپشن کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اب وزیراعظم اپنی اے ٹی ایمزکو احتساب سے بچانے کیلئے صدارتی آرڈیننس لائے ہیں جسے پاکستان پیپلز پارٹی مستردکرتی ہے نا اہل اورسلیکٹڈ حکمرانوں کو اپنی کرپشن کاحساب عوام کو دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے اورانشاء اللہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر عوام کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلائے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں