گورنر اسمبلی اجلاس بلائیں، جام کمال اعتماد کا ووٹ لیں، مولانا واسع
کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ اس وقت بلوچستان میں آئینی بحران ہے اور تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں، گورنر بلوچستان فوری طورپر اسمبلی کا اجلاس بلا ئے اور جام کمال اعتماد کا ووٹ حاصل کریں اگر ایسا نہیں کیا گیا تو پھر جمعیت علما اسلام اوراپوزیشن جماعتیں مل کر سخت لائحہ عمل طے کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں ایک آئینی بحران چل رہا ہے جس کے خاتمے کے لئے گورنر بلوچستان آئینی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس بلائے اگر وہ ایسا نہیں کرسکتے تو بھی وہ وضاحت کرے۔ انہوں نے کہاکہ گورنر فوری طورپر اسمبلی کا اجلاس طلب کرے اور وزیراعلیٰ بلوچستان ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو وزیراعلیٰ کے پاس کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ہے، اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی تعداد ہیں اور اس وقت ناراض اور اپوزیشن اراکین کی تعداد 34ہے، ایسے میں وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینا لازم ہے اس کے بغیر صوبے میں آئینی بحران کا خاتمہ ممکن نہیں۔


