چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے بڑی اسکیم لارہے ہیں،

اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے بڑی اسکیم لارہے ہیں، اسکیم کے تحت کاروبار کے بحال ہونے پر ابتدائی کچھ عرصہ میں بجلی کے بلز میں امداد دی جائے گی۔ ہفتہ کو پریس بریفنگ میں بات کرتے ہوئے وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ جو افراد نوکری سے فارغ یا بے روزگار ہوئے ہیں ان کی امداد کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور احساس پروگرام شراکت داری سے ایک بہت بڑا پروگرام لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ اس تمام تر صورتحال میں چھوٹے اور درمیانے طبقے کے کچھ کاروبار بند ہونے کا اندیشہ ہے تاہم ہم اس بندشوں کے اندر انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے اس سلسلے میں ہم بجلی کے بلز کے حوالے سے آئندہ دو ہفتوں میں ایک اسکیم لارہے ہیں۔اس اسکیم کے تحت ان کاروبار کے بحال ہونے پر ابتدائی کچھ عرصہ میں بجلی کے بلز میں امداد دی جائے گی جس کے لیے بجلی کی کھپت کے حوالے سے اعداد و شمار جمع کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ بہت سے کاروبار کو مالی امداد کی ضرورت ہوگی کیوں کہ کسی سہارے کے بغیر ان کے ہمیشہ کے لیے مفلوج ہونے کا اندیشہ ہے لہٰذا قرضِ حسنہ کی طرح کی کوئی اسکیم کا اعلان کیا جائے گا۔حماد اظہر نے کہا کہ رمضان کے دوران روزمرہ ضرورت کی اشیا کی فراہمی میں کمی نہ ہو اس کے لیے ان اسٹورز پر اشیائے خوراک کا 10 گنا زیادہ اسٹاک پہنچایا جارہا ہے۔


