عید میلادالنبیؐ کے جلوس میں خاتون کو حور بنا کر پیش کرنے کے خلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع
ملتان (انتخاب نیوز)عید میلاد النبی ؐ کے جلوس میں خاتون کو حور بنا کر پیش کرنے کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع کر دی گئی،تحریک التواء تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی۔متن میں در ج تھا کہ 12 ربیع الاول 1443ھ (19۔اکتوبر2021) کو ملتان میں ایسا واقعہ ہوا ہے کہ مسلمانوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ملتان کے علاقہ حسین آگاہی میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس میں ایک خاتون کو حور بنا کر پیش کیا گیا۔جلوس میں کہا گیا کہ اس کی زیارت کریں۔اس وقوعے کو سوشل میڈیا پر بھی کھل کر دکھایا جا رہا ہے۔عیدمیلادالنبی ؐ کی نسبت سے تقریبات صدیوں سے اس خطے میں اسلام کی اقدار کے مطابق منعقد ہو رہی ہیں۔ملتان میں ایک خاتون کو حور بنا کر پیش کرنے کے عمل کے پیچھے ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ یہ سازش اسلام اور اس کے شعائر کو بدنام کرنے کی ہے۔ اس واقعہ میں ملوث تمام افراد قرارواقعی سزا کے مستحق ہیں۔


