افغانستان میں نامعلوم مسلح افراد نے مذہبی رہنما کو قتل کر دیا

جلال آباد:افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع بہسود میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مقامی مسجد کے امام کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ایک مقامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے پیر کی صبح مقام خان کے علاقہ میں امام مسجد مفتی سید اللہ پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں۔پولیس نے ابھی تک واقعے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔علاوہ ازیں ایک عینی شاہد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پیر کی صبح رش کے اوقات میں جلال آباد شہر کے پولیس ضلع 8 کی بستی قاسم آباد میں ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم کی زد میں آنے کے باعث 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔صوبائی دارالحکومت جلال آباد شہر سمیت ننگرہار کے مختلف علاقوں میں کچھ بم دھماکے ہو چکے ہیں جن کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں