نئے حالات میں پاک چین کو مزید متحدہونا ہوگا،چینی سفیر

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ 70برسوں کے دوران چین پاکستان تعلقات مختلف سماجی نظام، تاریخ اور ثقافتوں کے حامل ممالک کے درمیان تعلقات کا ایک شاندار نمونہ بن چکے ہیں،نئے حالات میں دونوں ممالک کو مزید مضبوطی سے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔چین دونوں ممالک کے رہنماں کے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، چین پاکستان تعلقات کی روایات کو آگے بڑھانے، اسٹریٹجک باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، عملی تعاون کو بڑھانے اور مزید سات دہائیوں کے لیے چین پاکستان دوستی میں نئی تحریک پیدا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ گوادر پرو کے مطا بق نونگ رونگ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجی (NIIS)، سی اے ایس ایس اینڈ انڈرسٹینڈنگ چائنا فورم پاکستان کے زیر اہتمام 70سالہ چین پاکستان دوستی ”نئے دور میں سدا بہار اسٹریٹجک پارٹنرشپ” کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم عمران خان کو حالیہ فون کال کے دوران بتایا کہ دنیا گہری تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور ایک صدی م کے دوران نظر نہ آ نے والی ہنگامہ آرائی اور خطرات سے دوچار ہے۔ گوادر پرو کے مطا بق سفیر نونگ نے مزید کہا کہ نئے حالات میں دونوں ممالک کو مزید مضبوطی سے ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور دونوں کو سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہیے۔ چین اور پاکستان کو قریبی اسٹریٹجک رابطے کو برقرار رکھنا چاہیے، حکمرانی کے تجربے کے اشتراک کو بڑھانا چاہیے۔ اب تک، چین نے پاکستان کو ویکسین کی 8.25 ملین خوراکیں بطور تحفہ دی ہیں اور 113ملین خوراکیں پاکستان نے خریدی ہیں، کل 121ملین خوراکیں ہیں۔ سفیر نونگ نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کی تعمیر، زراعت، ڈیجیٹل معیشت اور سماجی اور معاشی شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا، نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کے قریب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں