جیکب آباد، پی ڈی ایم کی جانب سے معاشی بد حالی اور بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جیکب آباد:پی ڈی ایم کی جانب سے معاشی بد حالی اور بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، جے یو آئی، مسلم لیگ ن، بی این پی مینگل، پختون خواہ نیپ، نیشنل پارٹی، جے یو پی، ای پی سی، چیمبرس آف کامرس، ہندو پنچائت، صرافہ یونین، کیو اے ٹی رہنماؤں سمیت ہزاروں شہری شریک، شاہراہوں پر مارچ، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف نعرے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر معاشی بد حالی، مہنگائی، بدامنی اور بیروزگاری کے خلاف ایک احتجاجی جلوس جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، چیمبرس آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی، ہندو پنچائت کے صدر لال چند سیتلانی، مسلم لیگ ن کے غوث بخش عباسی، پی پی شہید بھٹو کے ندیم قریشی، بی این پی مینگل کے گلاب جان مینگل، نیشنل پارٹی کے شاہد حسین جوادی، پختون خواہ کے حاجی آغا عزیزاللہ، ای پی سی کے محمد شعبان ابڑو، کیو اے ٹی کے چاکر جونیجو، مہران فورم عبدالحئی سومرو، عام انسان پارٹی کے عابد سندھی، سید عبدالباسط شاہ، مولانا فدا احمد ڈول، مولانا سلیم اللہ بروہی، مولانا عبدالجبار رند، حافظ میرمحمد بنگلانی، مولانا نصراللہ گھنیو، انجینئر حماداللہ انصاری، مولانا تاج محمد بھٹی، مولانا عبدالوحید بروہی، عبداللہ عباس نوناری اور دیگر کی قیادت میں دفتر جے یو آئی سے نکالا گیا، مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نااہل حکومت نامنظور، بدامنی شیم شیم، مہنگائی نامنظور، بیروزگاری نامنظور جیسے نعرے درج تھے مظاہرین نے مختلف راستوں شاہی بازار، صرافہ بازار،بھٹائی بازار، تھانہ روڈ اور قائد اعظم روڈ پر نعرے لگاتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک پر چاروں طرف سے روڈ بلاک کرکے دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے، بعد ازاں مظاہرین پریس کے سامنے دھرنا دیکر دو گھنٹے روڈ بلاک کرکے ٹریفک معطل کردی، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آنے والے وقت میں معیشت کا مزید بحرانوں کا سامنا ہونا حکمرانوں کے منہ پر تمانچہ ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے، جس سے غریبوں کی چیخیں نکل چکی ہیں ملک کی 74سالہ تاریخ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا اس عمران حکومت کے دور میں ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ غریب عوام پیٹ کے لیے کریں یا علاج اور بچوں کے تعلیم کے لیے کچھ کریں، انہوں نے کہا کہ اب اس نالائق حکومت کو گھر بھیج کر سکھ کا سانس لینگے اب شفاف انتخابات ہی مسائل کا حل ہے آخر میں مطالبہ کیا گیا کہ نااہل ایس پی جیکب آباد شمائل ریاض ملک کو ہٹایا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔


