ثبوتوں سے عیاں ہے کہ مریم اور نواز شریف کو جھوٹ کی بناء پر سزائیں دی گئیں،جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدرو سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پے درپے میاں ثبوتوں کے سامنے آنے سے یہ عیاں ہوچکا ہے کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف کو جھوٹ اور دباؤ کی بنا ء پر سزائیں دی گئیں،سابق ججز کے بیانات اور آڈیوکے سامنے آنے کے بعد میاں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دئیے گئے تمام فیصلوں کو کا لعدم اور انکی سزاؤں کو معطل کیا جائے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ تین سے چار ججز کے انکشافات سامنے آچکے ہیں کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف غلط اور بے بنیاد فیصلے دئیے گئے اور انہیں دی گئی سزائیں جھوٹی ہیں یہ ثبوت عیاں ہونے کے بعد میاں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دئیے گئے فیصلوں کو کا لعدم قرار اور انکی سزاؤں کو معطل کیا جائے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا روز اول سے موقف ہے کہ ہمارا دامن کرپشن سمیت کسی بھی بد عنوانی سے صاف ہے لیکن سازش کے تحت سابقہ ججز کے ذریعے میاں نواز شریف کی منتخب حکومت کو ختم کر کے انہیں اور مریم نواز کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکا گیا لیکن ایسے اقدامات سے ہمیں اسمبلیوں یا ایوانوں سے تو دور رکھا جا سکتاہے مگر عوام کے دلوں سے نکالنا ناممکن ہے جھوٹے فیصلوں نے پارٹی قائدین کی مقبولیت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ کیا ہے ساتھ ہی ان فیصلوں سے پاکستان کو جو نقصان پہنچا ہے اسکا ازالہ کرنا نا ممکن ہے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے خلاف دئیے گئے فیصلے صرف انکے ہی نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف دئیے گئے فیصلے تھے جن سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ہر دور میں دباؤ، سیاسی انتقام سے سرخرو ہوئی اور اب بھی ہم عوامی عدالت سمیت ہر عدالت سے سرخرو ہونگے


