امریکہ اور روس کے صدور یوکرین کے مسئلے پر مذاکرات کیلئے تیار

واشنگٹن /ماسکو:امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن نے یوکرین کے مسئلے پر مذاکرات کے لئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن منگل کو وڈیو کال پر بات کریں گے، جس میں یوکرین کا مسئلہ زیر غور آئے گا۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بائیڈن پیوتن وڈیو کال سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر روسی ہم منصب کو یوکرین کی سرحد پر روسی فوجی سرگرمیوں سے متعلق خدشات سے آگاہ کریں گے، اس کے ساتھ ہی وہ یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے امریکا کی حمایت کی توثیق بھی کریں گے۔اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں میں خطے کے مسائل اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔روسی حکام نے بھی وڈیو کال کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وڈیو کال میں دوطرفہ تعلقات، یوکرین کا معاملہ اور جنیوا معاہدوں پر عمل درآمد پر بات ہوگی۔چند روز قبل امریکی انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روس آئندہ چند ماہ میں یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ اس سلسلے میں روس کے 80 ہزار سے زائد فوجی پہلے ہی یوکرین کی سرحد پر پہنچائے جا چکے ہیں۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اپنے بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر روس نے واقعی یوکرین پر حملہ کیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں