مہنگائی،بے روزگاری اور لاقانونیت کیخلاف کل بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے،پیپلز پارٹی

کوئٹہ,پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری،سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر مہنگائی،بے روزگاری اور لاقانونیت کے خلاف آج کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے پارٹی کے جیالے احتجاجی مظاہروں میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں یہ بات انہوں نے جمعرات کواحتجاجی مظاہرے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اورانکی ٹیم مہنگائی اور بے روزگاری کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لیکن حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے اپنی عیاشیوں اور کرپٹ عناصر کو بچانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور آئی ایم ایف کے کہنے پر پٹرولیم مصنوعات،بجلی،گیس،اشیاء خوردونوش سمیت دیگر کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کیاجارہاہے جس کے باعث عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی عوام کو موجودہ نااہل اور نالائق حکمرانوں سے نجات دلاکر دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج (جمعہ) کو پاکستان پیپلز پاڑٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر مہنگائی،بے روزگاری اور لاقانونیت کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے پارٹی کے جیالے احتجاجی مظاہروں میں بھر پورشرکت کرکے مظاہروں کو کامیابی سے ہمکنار اور موجودہ نا اہل حکمرانوں سے نفرت کا اظہارکریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں