سندھ بارکونسل کے سیکریٹری جنرل عرفان مہرکامبینہ قاتل گرفتار
کراچی :سندھ بارکونسل کے سیکرٹری جنرل عرفان علی مہر کے ایک مبینہ قاتل کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا ہے۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی طارق نواز نے تصدیق کی ہے کہ سندھ بار کونسل کے سیکرٹری جنرل عرفان علی مہر کے ایک مبینہ قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقےگلستان جوہر میں سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہر کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ شاہراہ فیصل پولیس نے مقتول وکیل عرفان علی کے بھائی رضوان علی کی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کیخلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302، 34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ نمبر 1505/2021 درج کیا۔
واضح رہے کہ یکم دسمبر بروز بدھ دو موٹر سائیکل سواروں نے عرفان مہر کو اس وقت ان کی گاڑی میں نشانہ بنایا، جب وہ بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آرہے تھے۔ قتل کے وقت ان کا بھتیجا بھی گاڑی میں موجود تھا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق مقتول کو چھ سات گولیاں انتہائی قریب سے منہ پر ماری گئیں۔ مقتول عرفان علی مہر کی تدفین شکارپور میں کی گئی۔
واقعہ کے خلاف سندھ بار کونسل کی جانب سے احتجاج اور عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا۔ کراچی بار کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وکلا احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔ وکلاء رہنماؤں کے مطابق 45 سالہ عرفان مہر کے قتل کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔


