نائجیریا میں مسجد پر حملہ، 16 نمازی ہلاک
ابوجا: افریقی ملک نائجیریا میں دہشت گردوں کی مسجد پر فائرنگ سے 16 نمازی ہلاک ہو گئے جبکہ کئی افراد کو اغوا کر لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائجیریا کے شمالی علاقے ماشیگو میں دہشت گردوں نے نماز کی ادائیگی کے دوران مسجد پر حملہ کر دیا۔ جس میں بیشتر افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نائجیرین پولیس نے 9 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے تاہم مقامی افراد نے 16 افراد کی ہلاک کا دعویٰ کیا ہے۔مقامی بلدیاتی انتظامیہ کے چیئرمین الحسن عیسیٰ مزاکوکا کے مطابق دہشت گرد انتہائی منظم انداز میں موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور انہوں نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کی۔ دہشت گرد متعدد نمازیوں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت انتہا پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کام کر رہی ہے۔ اس کے باوجود علاقے میں اغوا کاروں اور دہشت گردوں کا سامنا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمیں صرف دعاؤں کی ضرورت ہے۔


