پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں ہے۔وزیراعظم کا کسی ایک بلاک کا حصہ نہیں بننا پاکستان کی پالیسی ہے۔پاکستان ہر ایک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔اقوام متحدہ کی ماحول سے متعلق گلاسکو کانفرنس میں عدم شرکت پر جو بیانات دیے ان میں کوئی حقیقت نہیں۔امریکہ کے ساتھ ہم مستقل رابطے میں ہیں اور اعلی سطح امریکی کمیٹیوں کے ارکان پاکستان کا دورہ کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ صدر عارف علوی نے اقتصادی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے ترکمانستان کا 28 نومبر کو دورہ کیا،پاکستان اور سعودی عرب نے 5 دسمبر کو پاکستانی ورک فورس کے حوالے سے معاہدہ کیا۔انہوں نے کہاکہ چین میں پاکستانی طالبعلموں کے حوالے سے ہم رابطہ میں رہتے ہیں،چینی حکام طالبعلموں کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں،وزیر اعظم کا بیان کہ ہم کسی عالمی بلاک کا حصہ نہیں واضح ہے،حکومت پاکستان کی یہی پالیسی ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کی جمہوریت پر کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر واضح بیان جاری کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں مختلف شعبہ جات میں تعاون میں فروغ دے رہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ چین میں سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں،پاکستان اولمپکس میں شرکت کرے گا،کھیلوں کے ایونٹس کو سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیے،چینی اولمپکس کی مخالفت اچھا اقدام نہیں،تمام ممالک کو سرمائی اولمپکس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔یہاں خیال رہے کہ پاکستان نے امریکہ کی جانب سے جمہوریت پر منعقد کی جانے والی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جسے ہم دو طرفہ اور علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لحاظ سے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم متعدد مسائل پر امریکہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ہم مستقبل میں مناسب وقت پر اس موضوع پر مشغول ہو سکتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ اس دوران پاکستان ہمارے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے بات چیت، تعمیری مشغولیت اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔


