امریکی بحریہ کی بڑی کارروائی،ایرانی اسلحہ کی بھاری کھیپ قبضے میں لے لی

واشنگٹن:امریکی پانچویں بیڑے کے جہازوں نے شمالی بحیرہ عرب میں ماہی گیروں کی ایک کشتی سے تقریبا 1400اے کے 47رائفلیں اوردولاکھ 26ہزار 600 سالٹ گولیاں قبضے میں لے لیں۔ یہ اسلحہ مبینہ طورپر ایران کی طرف سے یمن کے باغی حوثی گروپ کو بھیجا جا رہا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی بحریہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکی بحریہ کے ساحلی پٹرولنگ جہازوں کو یہ ہتھیار امریکی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کی تلاشی کے دوران ملے۔ غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود جانچ کے لیے منتقل کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تشخیص سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کشتی ایران سے نکلی اور اس راستے سے بین الاقوامی پانیوں کو عبور کیا جو تاریخی طور پر یمن میں حوثیوں کو غیر قانونی طور پر ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ حوثیوں کو ہتھیاروں کی براہ راست یا بالواسطہ فراہمی، فروخت یا منتقلی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔بیان کے مطابق کشتی کے پانچ رکنی عملے نے اپنی شناخت یمنی شہریوں کے طور پر کی۔رواں ماہ کی پانچ تاریخ کو امریکی حکام نے بتایا تھا کہ شمالی بحیرہ عرب میں امریکی بحریہ کے ایک جنگی جہاز نے ایک کشتی پر ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ پکڑی تھی جس میں ایرانی میزائلوں کے پرزے تھے جو یمن میں حوثی ملیشیا کے لیے بھیجے جا رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں