کیسکو کی کارروائی، غیر قانونی اور نادہندگان کے 13ٹرانسفارمرزاتارلئے

کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف مختلف سرکلز میں کارروائیاں جاری ہے اس سلسلے میں کیسکوسینٹرل سرکل کے تحت کوئٹہ سٹی اورزرغون ڈویژن کی ٹیموں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)سے بجلی بلوں کی مدمیں ایک کروڑ21لاکھ روپے وصول کرلئے جبکہ سٹی ڈویژن کیسکونے کوئٹہ شہرمیں محکمہ پولیس سے بقایاجات کی مدمیں 15لاکھ روپے وصول کئے گئے نیز کیسکوکچہری سب ڈویژن نے محکمہ ریلوے سے 35لاکھ روپے بلوں کی مدمیں وصول کئے۔ اسی طرح سپیزنڈ سب ڈویژن کی ٹیم نے دشت کے علاقے میں 3زرعی نادہندگان کے ٹرانسفارمرزاُتاردئیے جبکہ کیسکوکچلاک سب ڈویژن کی ٹیم نے کچلاک کے مختلف علاقوں میں بھی کاروائی کرکے نادہندگان کے 5ٹرانسفارمرز عدم ادائیگی پر اُتاردئیے۔ اس کے علاوہ کیسکوخضدارسرکل میں سوراب، خضدار ون اور خضدارٹو سب ڈویژنز کی ٹیموں نے 5غیر قانونی ٹرانسفارمر اُتارکر قبضے میں لے لئے جوکہ غیر قانونی طورپربجلی استعمال کررہے تھے۔ اسی طرح کیسکوسبی سرکل میں صحبت پور، اوستہ محمد اور جعفرآباد سب ڈویژنز کی ٹیموں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)سے 92لاکھ روپے بجلی بلوں کی مدمیں وصول کئے نیز گنداخہ سب آفس کی ٹیم نے بھی گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 40ہزارروپے بقایاجات کی مدمیں وصول کرلئے۔ واضح رہے کہ کیسکوکی ٹیمیں صوبہ بھرمیں نادہندہ سرکاری محکموں اور گھریلو، کمرشل، زرعی اور دیگر نادہندہ صارفین سے بقایاجات کی وصولیابی کے سلسلے میں بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔ لہٰذا کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ذمہ بجلی کے بل بروقت اداکرنے کے ساتھ ساتھ بقایاجات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں تاکہ بعد میں کسی زحمت یا پریشانی سے بچاجاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں