غیر قانونی ٹرالنگ کیخلاف موثر اقدامات ناگزیر ہیں، چیف سیکرٹری

گوادر(بیورورپورٹ)بلوچستان کے ضلع گوادر میں غیر قانونی فشنگ ٹرالرز کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمشنر مکران ڈویژن شبیر مینگل،سیکرٹری فشیریز سندھ، ڈی۔جی فشیریز بلوچستان، ڈی۔جی فشریز سندھ، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن (ر) جمیل احمد،پاکستان کوسٹ گارڈ اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے نمائندگان نے شرکت کی چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا ہے کہ ماہی گیری کے شعبہ سے ہزاروں بلوچستانیوں کا ذریعہ معاش وابستہ ہے ہم مقامی ماہی گیروں کے روز گار اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ خاص طور پر غیر قانونی ماہی گیری کا تدارک ضروری ہے جس کے لئے پاکستان نیوی، میری ٹائم اور دیگر متعلقہ اداروں کا تعاون ضروری ہے۔ بلوچستان حکومت نیوی کی معاونت سے ساحلی علاقوں میں لوگوں اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں کی ترقی، ماہی گیروں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ غیر قانونی ماہی گیری سے مقامی ماہی گیروں کا روز گار بھی متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی قشنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ اور اس کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا غیر قانونی ٹرالنگ روکنے کیلئے حکومت بلوچستان عنقریب اپنا ایک فورس بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں