کوئٹہ میں پارکنگ کا مسئلہ سنگین ہے، شوکت علی

کوئٹہ: ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولٹین کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے کہاہے کہ کوئٹہ شہر میں پارکنگ کامسئلہ سنگین تاہم پارکنگ پلازے کی تعمیر سے یہ مسئلہ کافی حد تک حل ہوگا،پہلے مرحلے میں تجرباتی بنیادوں پر شہر کے بعض سڑکوں کی گاڑیاں پارکنگ میں پارک کی جائینگی،پارکنگ کے مسئلے کے حل کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر سے متعلق بھی منصوبے زیر غور ہیں، شہر کے مختلف سڑکوں اور چوکوں کی خوبصورت کیلئے مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرینگے،کوئٹہ شہر ہم سب کا ہے صفائی ستھرائی کی ذمہ داری میں عوام تعاون کرے تاکہ میٹروپولٹین کارپوریشن شہر کو صاف کرنے کا اپنا مشن پایہ تکمیل تک پہنچا سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کوئٹہ،ایس ایس پی ٹریفک اور مرکزی انجمن تاجران،، مختلف بینکوں کے نمائندوں اور تنظیمی اتحاد کے عہدیداران کے ساتھ منعقدہ الگ الگ اجلاسوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن،ایس ایس پی ٹریفک شیرعلی،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ) کے صدر رحیم کاکڑ،شہر کے مختلف بینکوں کے نمائندوں اورمیٹرو پورلٹین کارپوریشن کے تنظیمی اتحاد کے عہدیداران موجود تھے۔اس سے قبل پارکنگ پلازے سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ،ایس ایس پی ٹریفک اور تاجروں کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا اور مختلف سڑکوں کے گاڑیوں کی پارکنگ پلازے میں پارک کرنے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولٹین کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے کہاکہ شہر میں پارکنگ جیسا سنگین مسئلہ حل ہونے سے لوگوں کو ریلیف ملے گا انہوں نے کہاکہ پارکنگ پلازہ تعمیر ہوگیاہے پہلے مرحلے میں میٹرو پولٹین کارپوریشن ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر مختلف سڑکوں کی گاڑیاں تجرباتی بنیادوں پر پلازے میں پارک کریگی جس سے لوگوں کو ملنے والی ریلیف اور ٹریفک کے مسئلے کو دیکھاجائے گاانہوں نے کہاکہ شہر کے مختلف چوکوں اور سڑکوں کو خوبصورت بنانے کیلئے مالیاتی اداروں کی جانب سے تجاویز مثبت عمل ہے اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن مکمل تعاون فراہم کریگی،انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر ہم سب کا ہے شہر کی صفائی کے حوالے سے عوام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کارپوریشن کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کرے کیونکہ اس شہر کی صفائی کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں