تربت، سول سوسائٹی کا سراج صالح کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

تربت(نمائندہ انتخاب) تربت سول سوسائٹی کے زیراہتمام گلی بلیدہ میں قتل کیے گئے نوجوان سراج صالح کی فیملی کو انصاف دلانے اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے جمعہ کے روز تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے سراج صالح کے قتل کی مذمت کی اور فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا،مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوان نسل کا قتل، اغواء اور ان پر ٹارچر ایک تسلسل کے ساتھ جاری ہے، اکثر علاقوں میں ڈیتھ اسکواڈ کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ مخالف سیاسی و سماجی کارکنوں اور طالب علموں کو قتل کریں ان پر تشدد کریں یا ان کو ماورائے آئین و قانون اٹھا کر لاپتہ کریں، ایسے غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے بلوچستان میں کوئی باشعور شخص خود کو محفوظ نہیں سمجھتا، انہوں نے کہاکہ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو سالوں کے دوران صرف بلیدہ میں ایسے کئی نوجوان قتل کردئیے گئے جن کا الزام ایسے عناصر پر لگایا گیا جن کو سرکاری اور ریاست کی طرف سے کھلی چھوٹ دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر سراج صالح کے اصل قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا تو تربت سول سوسائٹی اس پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی، مظاہرہ سے بی ایس او کی مرکزی کمیٹی کے رکن کریم شمبے، بی ایس او پجار کے مرکزی کمیٹی کے رکن نوید تاج، بی ایس او کے سابقہ ضلعی آرگنائزر عقیل جلال اور تربت سول سوسائٹی کے کارکن ناکو ثناء اللہ عبدالرحمن، جمیل عمر و دیگر نے بھی خطاب کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں