صدر مملکت کی زیر صدارت اجلاس، بلوچستان کے حوالے سے بریفنگ

اسلام آباد/کوئٹہ:صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی کراسنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے متعلقہ ادارے بلوچستان کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں،تجارتی کراسنگ پوائنٹس میں اضافے سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا، برآمدات کا حجم بڑھے گا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بلوچستان میں بارڈر اور ٹریڈ مینجمنٹ پر اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین اور گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، سیکرٹری داخلہ اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی کراسنگ پوائنٹس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے متعلقہ ادارے بلوچستان کے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ تجارتی کراسنگ پوائنٹس میں اضافے سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا، برآمدات کا حجم بڑھے گا۔اجلاس میں بلوچستان کے عوام اور تاجروں کو درپیش مسائل پر بریفنگ دڈی گئی۔ صدر مملکت کو بتایاگیاکہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پیٹرول پمپس کی سہولت موجود نہیں، بارڈر کے علاقوں میں تاجروں کو ضروری سہولیات جیسا کہ مواصلات، بینکس اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ متعلقہ ادارے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور بلوچستان سے دیگر صوبوں تک اشیاء کی ترسیل بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ وزارت پیٹرولیم سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پیٹرول پمپس کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بات کر چکا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ گوادر اور کراچی کے مابین سفر آسان بنانے کیلئے مکران کوسٹل ہائی وے پر اضافی پیٹرول پمپس کی ضرورت ہے۔اجلاس نے این او سی جاری کرنے کے عمل میں تیزی، وسطی ایشیائی ممالک کے سرمایہ کاروں کو گوادر بندرگاہ کے ذریعے اشیاء کی ترسیل میں سہولت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں بلوچستان کے تاجروں اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے گوادر پر اگلے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت پر اتفاق کیا گیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے مقامی کرنسی میں تجارت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت خزانہ بلوچستان کے تاجروں کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کیلئے تمام ممکنہ مدد فراہم کرے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں