پی ٹی آئی نے جھوٹ بولا، جھوٹے حقائق دیئے، 26 اکاؤنٹس میں سے 4ڈکلیئر کئے گئے، مریم نواز

لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے طاقت، دھونس، دھاندلی کا استعمال کرکے سات سال تک راہِ فرار اختیار کی، اب جب بھاگنے کا کوئی راستہ نہ بچا تو کوشش کی کہ رپورٹ ریلیز نہ کی جاسکے، جب چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دی۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بنک کے مطابق پی ٹی آئی کے 26 کل اکاؤنٹس تھے، جس میں 18 ایکٹِو تھے، لیکن صرف چار کو ڈکلیئر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ پبلک نہ کرنے کیلیے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر بھرپور دباؤ ڈالا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ٹیکساس اور کیلی فورنیا میں 2010 اور 2013 کے درمیان دو کمپنیاں بنائیں، جس کے چیئرمین خود عمران خان تھے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر حقائق کو چھپایا، جھوٹ بولا، جھوٹے سرٹیفکیٹ جمع کروائے، آفس کے چار ملازمین کے نام پر غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک سے پیسہ منگوایا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ایک طرف آپ غیر قانونی فنڈنگ کر رہے تھے، دوسری طرف ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کیلیے کنٹینر پر سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت کوئی سیاسی جماعت فارن فنڈنگ نہیں لے سکتی، لے تو وہ جماعت کالعدم قرار پاتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ ایک کمپنی ووٹون کرکٹ لمیٹڈ ہے، جس سے اکیس لاکھ ڈالرز فنڈنگ آئی، ایک ڈونر ممتاز احمد نے 24 ہزار ڈالرز دیئے، جس کے بدلے اسے نتھیا گلی میں ہوٹل بنانے کا لاکھوں ڈالر کا کنٹریکٹ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں