بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری
کوئٹہ:کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، چمن میں کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کے بعد ٹریفک کی روانی متاثر، تفصیلات کے مطابق جمعرات کوبلوچستان میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا سلسلہ جاری رہا اس دوران کوئٹہ، مستونگ، قلات،خضدار، دالبندین، لسیبلہ، اورماڑہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش جبکہ زیارت، چمن میں کوژک ٹاپ، چاغی میں برابچہ،کولپور کے مقامات پر برفبارہوئی، برفباری کے بعد کوژک ٹاپ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی ڈپٹی کمشنر چمن کے مطابق ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لئے مشینری کوژک ٹاپ روانہ کردی گئی جبکہ انہوں نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی اسی طرح زیارت سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا ضلعی انتظامیہ کے مطابق زیارت میں صورتحال معمول کے مطابق اور قابو میں ہے، ضلع کچھی کے علاقے بولان میں خراب موسم کے باعث قومی شاہراہ پر حد نگاہ کم ہوگئی جس سے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
صوبے میں سب سے زیادہ بارش خضدار میں 05، دالبندین میں 04،لسبیلہ میں 3،اورماڑہ میں 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز کوئٹہ، ژوب، سبی،کوہلو،بارکھان، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، دالبندین، چاغی، تربت، نوشکی، قلات، خضدار،مستونگ،لورالائی،موسیٰ خیل اور ہرنائی میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان اس دوران بعض مقامات پر تیز بارش ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے


