کراچی، پولیس نے لیاری گینگ وار کے 3مبینہ افراد کو گرفتار کر لیا

کراچی:شہرقائد میں پولیس نے تخریب کاری منصوبہ ناکام بناتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 3مبینہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق کورنگی پولیس نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کورنگی صنعتی ایریا سے لیاری گینگ وار کے 3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق کورنگی میں پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران لیاری گینگ وار کے 3کارندے گرفتار کر لئے، پولیس کے مطابق ملزمان اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کیلئے نکلے تھے، اطلاع ملی کہ کچھ مشکوک افراد گاڑی میں دہشتگردی کیلئے نکلے ہیں، ناکہ بندی کے دوران گاڑی کی تلاشی لی گئی تو ملزمان کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینڈ اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان میں ابراہیم علی، محمد عمران اور بلال علی عرف بلو شامل ہیں تاہم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب سچل پولیس نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرکے دوہرے قتل کے واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔پولیس کے مطابق کراچی میں سپر ہائی وے، جمالی پل کے قریب دوہرے قتل کرنے والا مرکزی ملزم سعید ولی گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، پولیس ٹیم نے دوہرے قتل کے اس کیس کو جدید تکنیکی سہولیات کی مدد سے حل کیا۔ایس ایس پی ایسٹ قمر جسکانی کے مطابق دوہرے قتل کے اس کیس کے مرکزی ملزم کو ایک ہفتے کے اندر اندر ٹریس کیا گیا ہے، ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزم سے اس کے ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، جب کہ دیگر مفرور ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے، انھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔خیال رہے کہ قتل کا واقعہ 30 دسمبر کو پیش آیا تھا، جب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر دو مزدوروں کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل پر جاتے مزدوروں کو کراچی کے علاقے سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب رکنے کا اشارہ کیا تھا، لیکن موٹر سائیکل بھگانے پر ممتاز بھٹی اور لطیف بھٹی نامی مزدوروں کو گولیاں مار دی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں