گوادر اور ضلع کیچ کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں سے کئی گھر زیرآب آگئے
تربت : کمشنرمکران ڈویڑن شبیراحمدمینگل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مکران ڈویڑن کے ضلع گوادر اور ضلع کیچ کے بیشتر علاقوں گوادرشہر،سنٹسر، پسنی اور ضلع کیچ کیسب تحصیل بلنگورمیں طوفانی بارشوں سے کافی نقصانات ہوئے ہیں اورلوگوں کے گھر زیرآب آگئے ہیں جس کی بناء پر صوبائی حکومت نے ضلع گوادراورکیچ کی سب تحصیل بلنگورکو آفت زدہ قراردیاہے،انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حفاظت اورکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکران کے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اورضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ تربت کے ڈپٹی کمشنرنے آج بھی دشت سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں اورنقصانات کا جائزہ لیاہے،جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سامان بھی پہنچ چکا ہے انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں امداد دینے کے لیے ضلعی حکومت کے پاس سامان کی کوئی کمی نہیں ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید امدادی سامان بھی منگوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ،پی ڈی ایم اے،لیویز،پولیس،پاک فوج،ایف سی،تحصیل انتظامیہ،نیوی سمیت تمام ادارے مکران ڈویڑن کے سیلاب سیمتاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ضلع کے آفیسران کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کیچ،گوادرسمیت مکران کے عوام سے اپیل کی ہیکہ کمزور بندات اورندیوں کے پاس کم از کم رات کو نہ ٹھہریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔اگر کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہو تو اپنے اپنے علاقوں کی انتظامیہ کو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ انہیں ریسکو اور امدادی سرگرمیاں وقت پر پہنچائی جاسکیں۔


