اسلام آباد،پنجاب کےبلدیاتی انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین پرہونگے،شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فرازنے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پرہوں گے اورحکومت الیکشن کمیشن کا ہاتھ بٹانے کیلئے تیار ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے بتایا کہ پچھلے کئی ماہ سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم ) پر بات ہورہی ہے اور اب ای وی ایم مشین بنا کر اس پر قانون سازی بھی کرلی ہے، ای وی ایم کی بحث اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب تک یہ بات کہی جارہی تھی کہ اس مشین کو ٹیسٹ نہیں کیا جاسکا لیکن اب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔اس سلسلے میں ابتدائی ٹریننگ اور ٹیسٹنگ کیلئے اگلے ہفتے کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کودے دیں گے اور ای وی ایم کے ذریعے صاف اور شفاف انتخابات ہوں گے۔

پچھلے ماہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ان انتخابات کے نتائج تاخیر سے آئے اور کچھ جگہوں پر ضائع ہونے والے ووٹوں کی تعداد جیت کے مارجن سے کم تھی۔شبلی فراز نے کہا کہ اب ہم ای وی ایم پرعملدرآمد کیلئے جارہے ہیں اور مقامی حکومتوں کے انتخابات ثابت کردیں گے کہ ای وی ایم کے ذریعے انتخابات ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تنقید برائے تنقید کرنا ختم کرنا چاہیے، ٹھپا برائے ٹھپے کا دور چلا گیا ہے اور اب موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ اپوزیشن ماضی کے انتخابات میں ٹھپہ مافیا کا کردار ادا کرتے تھے تاہم حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپوزیشن سے بات چیت کرنے کو تیار ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس مہینے کے آخر میں انٹرنیٹ ووٹنگ کا طریقہ کار فائنل کرلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں