ایران بھارتی امداد افغانستان تک پہنچانے کے لیے تیار

تہران:افغانستان تک گندم کی فراہمی کے لیے بھارت پاکستان سے بھی رابطے میں تھا، تاہم اب ایران نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی اپنے بھارتی ہم منصب سے افغانستان سمیت کئی امور پر بات چیت ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ عامر عبداللیہان نے اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے اس حوالے سے بات چیت کی۔انہوں نے افغانستان کو غذا اور ادویات سمیت تمام طرح کی امدادی ساز و سامان فراہم کرنے میں بھارت کو تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بھارتی وزیر خارجہ نے ایک ٹویٹ میں اپنے ایرانی ہم منصب سے فون پر ہونے والی بات چیت کی تصدیق کی۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں فون پر ہونے والی بات چیت کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ ایرانی وزیر خارجہ عامر عبد اللہیان کے ساتھ کئی اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ ان سے کووڈ 19 کی مشکلات، افغانستان میں چیلنجز، چابہار بندر گاہ سے متعلق امکانات اور ایرانی جوہری مسئلے کی پیچیدگیوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ عامر عبداللہیان نے اپنے بھارتی ہم منصب سے فون پر گفت و شنید کے دوران کئی اہم، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق دونوں ملکوں نے اپنی روایتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔اس بیان میں کہا گیاکہ افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے عامر عبداللہیان نے ایک کثیر الجہتی حکومت کی تشکیل پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان کے لیے بھارت کی انسانی امداد کا بھی حوالہ دیتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے گندم کی شکل میں امداد اور ادویات افغانستان تک منتقل کرنے کے لیے اقدامات اور تعاون کا بھی اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں