18ویں ترمیم میں کچھ کمی ہے،جلد بات چیت شروع کرینگے،اسد عمر


اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس پر کچھ مشاورت ہوئی، کچھ تحفظات اور تجاویز بھی آئی تھیں۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران اسد عمر نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں ہورہا اس لیے نیب آرڈیننس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں جو تبدیلیاں کی گئی تھیں، اس میں کچھ گیپ نظر آئے ہیں، ہمیں مزید تجربہ حاصل ہوا ہے، تمام پارٹیاں بیٹھ کر اس پر کوئی فیصلہ کرسکتی ہیں، جلد بات چیت شروع کریں گے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مستقل بنیاد پر صوبوں سے تعاون چاہتے ہیں، کوئی چیز صوبوں سے نہیں لینا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ خریداری کرتے وقت سماجی دوری کا بھی خیال رکھا جائے، نمازیں اور تراویح بھی گھروں پر ادا کرنی چاہئیں تاکہ وائرس کا پھیلا ؤروکا جاسکے۔اسد عمر نے کہا کہ ممکن ہے کہ کچھ اسپتالوں میں 80 فیصد گنجائش بھر گئی ہو، ڈاکٹرز اچھی تجاویز دے رہے ہیں، یہ کہنا کہ سارے ملک میں یکساں فیصلے کیے جائیں تو یہ غیر منطقی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیر سے اسمارٹ لاک ڈان کا آغاز کردیا جائیگا، ہم بار بار کہتے ہیں توازن کے ساتھ فیصلے کریں، ہمارے پاس مزدوروں کی مکمل معلومات ہی نہیں ہیں۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس ٹیسٹنگ صلاحیت محدود ہے، پچھلے 10 سے 12 روز میں کیسز کی تعداد بڑھی کیونکہ ٹیسٹنگ بڑھائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ پچھلے 10 روز میں ویٹی لیٹرز پر موجود مریض اسٹیبل ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ 18ویں ترمیم صحیح سمت کی طرف قدم تھا، لیکن اس میں کچھ کمی نظر آرہی ہے، جب تک وفاق اور صوبے ساتھ مل کر کام نہیں کریں گے معاملات حل نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کوئی اختیار صوبوں سے نہیں لینا چاہتے، یہ اختیارات کی جنگ کا سلسلہ نہیں ہے، ہم مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، شیری رحمن کو شاید مکمل معلومات نہیں ملیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب آرڈیننس اب ختم ہوچکا ہے، آرڈیننس بہت قلیل مدت کے لیے ہوتا ہے۔اپنے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میری جہاں سیاسی سوچ ختم ہوتی ہے وہاں سے فواد چوہدری کی سوچ شروع ہوتی ہے، میں عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز فیصلہ سازی میں اہم آواز ہیں، ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل کریں تو معاشرے میں بہتری ہوسکتی ہے، پچھلے دس سے بارہ روز میں کورونا پھیلنے کی رفتار میں کمی نظر آرہی ہے۔