لاڑکانہ جیل میں قیدیوں نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا
لاڑکانہ:لاڑکانہ جیل میں قیدیوں نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل لاڑکانہ سے متعدد قیدیوں کے تبادلے کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، درجنوں قیدیوں کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور قیدیوں کا تبادلہ نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔اس پر موقع پر صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب قیدیوں نے آٹھ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔جن میں سے ایک کو بعدازاں چھوڑ دیا گیا۔اس حوالے سے پولیس اہلکاروں کی یرغمالی کی وڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار قیدیوں کی تحویل میں ہیں، پولیس اہلکاروں کیساتھ قیدیوں کے سرغنہ فیض محمد کھوکھر بھی بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ سات یرغمالی پولیس اہلکاروں کی وڈیو نے جیل انتظامیہ کی نااہلی کو ظاہر کردیا ہے۔ جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے شکوک کا اظہار کیا ہے کہ پولیس اہلکار اپنی مرضی سے قیدیوں کے ساتھ گئے ہیں،اہلکاروں کو قیدیوں نے یرغمال نہیں بنایا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سےایک کمیٹی نے قیدیوں سے مذاکرات بھی کیے جو گذشتہ پانچ دنوں سے جاری تھے اور بلا نتیجہ ختم ہوگئے اور قیدیوں نے اپنے شرائظ منوانے تک یہ احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے


