احتساب کے نعرے پرآنے والی حکومت سب سے کرپٹ نکلی،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کےسینئرنائب صدرشاہد خاقان عباسی نےکہا ہے کہ احتساب کے نعرے پر برسراقتدار آنے والی حکومت سب سے کرپٹ نکلی، تاہم اب وہ وقت دور نہیں کہ سب کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔

منگل کواسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں نام نہاد احتساب کا عمل آپ کے سامنے ہے،اس حکومت کے ہوتے ہی تمام تماشے کا بھانڈا پھوٹ گیا اور کرپشن پر پریس کانفرنسز کرنے والا جہاز پر ملک سے فرار ہوگیا اور باقی بھی جلد فرار ہونے والے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیرمین نیب ڈیلی ویجز پرہیں اوران کو چیلنج کرتےہیں کہ ٹیلی ویژن پر بیٹھ کرمناظرہ کریں اور (ن) لیگ کی کرپشن ثابت کردیں۔

پیٹرول کی قیمتوں میں کمی پر انھوں نے کہا کہ کل وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر یو ٹرن لیا ہے، پہلے بتاتے تھے کہ دنیا میں تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے ہم نے قیمتیں بڑھائی تاہم کل رات اچانک 10 روپیے کم کردیے۔انھوں نے کہا کہ جان بوجھ کریہ خرابی پیدا کی جارہی ہے اور اب آئی ایم ایف مزید ٹیکس لگائے گی،مہنگائی کم کرنی تھی توآٹا،چینی اورگھی کی قیمتیں کم کرتے لیکن تمام اشیاء کی قیمتیں موجودہ حکومت کے دور میں دگنی ہوئیں۔

اپوزیشن کی تحریک پر انھوں نے بتایا کہ ملک کی حالت یہ ہے کہ حکومت قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلارہی ہے کہ کہیں اپوزیشن تحریک عدم اعتماد نہ لے آئے تاہم آئین میں اس کا بھی حل موجود ہے اورگیم ان کے ہاتھوں سے بہت پہلے نکل چکی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ عدم اعتماد تحریکوں کی تشہیر نہیں ہوتی اور جب یہ آئی گی تو سب کوعلم ہوجائےگا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب کسی کو کچھ نہ ملتا توپھر ایسی گھٹیا باتیں ہوتی ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے فیصلہ کرنا ہے کہ عوام کے ساتھ ہیں یا حکومت کے ساتھ ہیں کیوں کہ اب ہم غیرقانونی غیرآئینی حکومت کو گھر بھیجیں گے۔ حکومت بڑے شوق سے مدت پوری کرنا چاہتی ہے لیکن پاکستان کی عوام اب اس کو مدت پوری نہیں کرنے دے گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف سے متعلق انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کروانے گئے ہیں اورعلاج کروا کر ہی واپس آئیں گے جب کہ وطن جلد واپسی کا فیصلہ بھی نواز شریف خود ہی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں