خضدار،آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور کمشنر قلات ڈویژن کے درمیان سی پیک سے متعلق مزاکرات کامیاب

خضدار: سی پیک روڈ N-30 کے معاوضوں سے متعلق آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور کمشنر قلات ڈویژن کے درمیان ہونے والے مزاکرات کامیاب، معاوضوں کا معاملہ ایک ماہ کے اندر نمٹانے پر اتفاق، کمشنر قلات ڈویڑن اور رکن اسمبلی میر یونس عزیز کی یقین دھانی پر احتجاج ایک ماہ کے لیئے موخر کرنے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق بسیمہ تا خضدار N-30 زیر تعمیر سڑک کے معاوضوں سے متعلق آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور کمشنر قلات ڈویژن داود خان خلجی کے مابین مزاکرات ہوئے۔اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالقدوس اچکزئی، شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ حمید بلوچ، وائس چئیرمین و پیپلز پارٹی کے رہنماء سجاد زیب حسنی، جنرل سیکریٹری ٹکری بشیر جتک، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، سٹی صدر مولانا محمد اسحاق شاہوانی، خضدار پریس کلب کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد صدیق مینگل، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری عبدالنبی بلوچ، مزدور اتحاد کے رہنماء صابر حسین قلندرانی،انجمن تاجراں خضدار کے رہنماء حاجی محمد اقبال بلوچ، بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی ترجمان محمد یونس گنگو، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالوہاب غلامانی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ضلعی جنرل سیکریٹری صدام بلوچ، بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی رہنماء شیر احمد قمبرانی، جے یو آئی نظریاتی کے رہنماء ریاض احمد شاہوانی و دیگر بھی موجود تھے۔اس دوران آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات کمشنر قلات کے سامنے رکھے اور N-30 کے متاثرین کو معاوضہ کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا اور معاوضوں کا معاملہ ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ضرورت پر زور دیا۔کمشنر قلات ڈویڑن نے متاثرین کے احتجاج اور مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کا حق ہے کہ ان کو بلاتاخیر معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے لیئے مزید کچھ وقت درکار ہے اور اب معاوضوں کے معاملے کو نمٹانے کے لیئے کسی اور کی طرف دیکھنے کے بجائے وہ بذات خود اس عمل کی تکمیل کے لیئے دن رات کام کریں گے۔انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ متاثرین کو ایک ماہ کے اندر معاوضوں کی ادائیگی کا عمل شروع کردیا جائیگا۔شہری ایکشن کمیٹی کے رہنماوں نے معاوضوں کے ایشو پر کمشنر قلات ڈویڑن داود خان خلجی اور رکن اسمبلی میر یونس عزیز زہری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ معاوضوں کا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل کردیا جائیگا۔اجلاس میں ملگزار و اکرو کے زمین متاثرین کو معاوضوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا جس پر یقین دھانی کرائی گئی کہ چند دنوں میں ملگزار و اکرو کے متاثرین کے چیک بھی انہیں ایوارڈ کردیئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں