میانوالی ،نوزائیدہ بچی کو قتل کرنے والا شقی القلب باپ گرفتار

پنجاب کے ضلع میانوالی میں نوزائیدہ بچی کو گولیاں مار کر قتل کرنے والے شقی القلب باپ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہزیب کو ضلع بھکر سے گزشتہ رات گرفتار کیا۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) میانوالی اسمٰعیل الرحمٰن کھڑک نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کر کے ملزم کی گرفتاری کی تفصیل سے میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد سفاک ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے اور ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر واقعے کی تفتیش کی نگرانی خود کروں گا، تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے سفاک ملزم کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر آئی جی پنجاب نے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنا رکھی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سفاک باپ نے 5 مارچ کو اپنی 7 روز کی کمسن بچی کو پستول کے 5 فائر مار کر بے دردی سے قتل کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں