ایران: کرونا وائرس کے بارے میں افواہیں پھیلانے کے الزام میں ہزاروں افراد گرفتار

ایران میں کرونا وائرس کے بارے میں افواہیں پھیلانے کے الزام میں 3600 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے بدھ کے روز سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا ہے کہ

باسیج ملیشیا اور پولیس نے ان افراد کو آن لائن افواہیں پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ترجمان نے ان افواہوں کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔البتہ یہ کہا ہے کہ افواہیں پھیلانے میں جو لوگ بھی ملوّث ہیں، انھیں شناخت کرکے گرفتار کر لیا جائے گا اور ان میں سے بہت سوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
انھوں نے ایرانیوں سے کہا ہے کہ وہ دشمنوں کی ایران کے خلاف ’’نفسیاتی جنگ‘‘ کو نظر انداز کردیں۔

شکارچی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ملک کی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے کسی ایرانی فوجی کی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ البتہ ایران ،عراق جنگ کے دوران میں زخمی بعض ریٹائر فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ترجمان رمضان شریف نے مارچ میں کرونا وائرس سے پانچ سپاہیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔اس کے بعد سے ایرانی سپاہ کے کسی اہلکار کی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں پارلیمان کے متعدد ارکان سمیت عہدے داروں نے حکومت کے کرونا وائرس کا شکار افراد اوراس سے ہلاکتوں کے اعداد وشمار کے بارے میں شکوک کا اظہار کیا ہے اور انھوں نے ایران کی وزارت صحت پر غیرشفاف ہونے کا الزام عاید کیا ہے۔

ایرانی وزارت صحت کے مطابق بدھ تک ملک میں کرونا وائرس سے 5957 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 93675 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں