حکومت فوری ختم نہ کی گئی تو ملک دلدل میں دھنس جائےگا، احسن اقبال

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی تحریک نہیں ، یہ پاکستان کے عوام کی تحریک ہے، تحریک عدم اعتماد پاکستان کو بچانے کی تحریک ہے۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اس حکومت نے پاکستان کا جو انجام کردیا ہے، پاکستان کا جو حشر کردیا ہے وہ افسوسناک ہے، اگر یہ حکومت فوری طورپر ختم نہ کی گئی تو ملک ایسے دلدل میں دھنس جائےگا جس سے نکلنا بہت زیادہ مشکل ہوجائے گا، اس لیے ملک کو بچانے کےلئے، آئین اور عوام کے تحفظ کے لیے اس حکومت کے خاتمے کےلئے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان میں بد ترین مہنگائی اور غربت عوام پر مسلط کی گئی، پاکستان کے نوجوانوں کو بے روز گار کیا گیا، کیا یہ پاکستان کی خدمت ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کو مضبوط، توانا اور پھلتی پھولتی معیشت ورثے میں ملی تھی، 4 سال قبل پاکستان زراعت میں خود کفیل تھا ،موجودہ حکومت میں پاکستان کے عوام نے گندم کا بحران بھی دیکھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو پاکستان کی سلامتی و خود مختاری، اس کی ترقی و خوشحالی کے خلاف عمران خان نیازی سے بہتر اورموثر کوئی ہتھیار نہیں مل سکتا، عمران خان نے ملک کو جو نقصان پنچایا ہے وہ پاکستان کے دشمن اربوں روپے لگا کر بھی نہیں پہنچا سکتے تھے۔احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان نیازی کے دور حکومت میں پاکستان کی خودمختاری پر حملے کیے گئے جبکہ ایسے بتایا جا رہا ہے جیسے عمران خان کنگ کانگ ہے جو پاکستان کی جنگ لڑ رہا ہے اور دنیا اس کی مخالف ہوگئی ہے، اس بد ترین کارکردگی پر یہ حکومت خود کو چمپئن بنا کر پیش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں 20 ہزار ارب کے قرضے لیے جا چکے ہیں اور حاصل کیے گئے تمام قرضے خسارہ پورا کرنے میں جھونک دیے گئے ہیں، پاکستان کو قرضوں کے جال میں پھنسادیا گیا ہے اور اب فوری طور پر یہ حکومت نہیں گئی تو پاکستان دلدل میں دھنس جائےگا۔رہنما ن لیگ نے وزیراعظم کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دورحکومت نے کئی بحران دیکھے، آپ نے ملک کی معیشت تباہ کردی تاہم آپکا سب سے بڑا گناہ یہ ہے آپ نے پاکستان کی گورننس اور نظام حکومت کو تباہ کردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ 4سال میں جو پاکستان میں ہوا اس کی نظیر نہیں ملتی، جو تباہی عمران نیازی نے کی ہے وہ ملک کے بدترین دشمن بھی نہیں کر سکتے،بدترین مہنگائی ، غربت اور بےروزگاری لوگوں کو دی گئی، کیا یہ خدمت ہے،آج ہم گندم، کپاس اور چینی درآمدکر رہے ہیں، کیا یہ ملک کی خدمت ہے، موجودہ حکومت نے چار سالوں میں ملک کی بنیادوں کو ہلا دیاہے۔احسن اقبال نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک کے نظام حکومت کو تباہ کردیا اسی مقصد کےلئے پاکستان کے دشمنوں نے آپ کو فنڈنگ کی تاکہ آپ پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیں، پاکستان کی انتظامی مشینری کو تباہ کردیں اورآپ نے چندہ دینے والے دشمنوں کا کام خوب اچھی طرح کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے پاکستان معشیت کو تباہ کردیا، ان کے دور حکومت میں چینی اور گندم کے اسکینڈل آئے، گیس کا بد ترین بحران پیدا کیا گیا، ملک کی تاریخ میں پہلی بار اب گرمیوں میں گیس کا بحران آنے والا ہے، اس کے علاوہ آنے والے دنوں میں گندم کا بحران ایک بار پھر سر اٹھائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی تحریک نہیں ہے، یہ پاکستان کے عوام کی تحریک ہے، تحریک عدم اعتماد پاکستان کو بچانے کی تحریک ہے.اور پاکستان میں آئین کو جمہوریت کو بچانے کی تحریک ہے، اس مقصد کےلئے آئین و جمہوریت سے لگاو¿ رکھنے والی سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے دور میں سی پیک پر کام تیزی سے جاری تھا، ہمارے دور حکومت میں پاکستان عالمی سرمایہ کاری کا مرکز تھا، عالمی ماہرین اور تھنک ٹینک سی پیک پر جاری کام سے متعلق مثبت تجزیے کر رہے تھے، موجودہ حکومت نے سی پیک پر کام کی رفتار صفر کردی۔سی پیک کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل ون منصوبے پر 4سال میں ایک اینٹ نہیں لگائی گئی، چار سال ہو گئے ایم ایل ون منصوبے کی ایک اینٹ بھی نہیں لگ سکی، اب حکومت کہہ رہی ہے کہ وہ یہ منصوبہ آئندہ سال بھی شروع نہیں کر سکتی، 4 عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں