عمران خان چنددنوں میں سابق وزیراعظم ہوجائیں گے،سعیدغنی

اسلام آباد:سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ اگر حکومت کے پاس ایوان میں مطلوبہ اکثریت پوری ہوتی تو یہ اسمبلی اجلاس بلوانے میں دیر نہ لگاتے لیکن عمران خان آج در بدر جاتے ہوئےمایوس نظر آ رہے ہیں اورچند دن بعد سابق وزیراعظم ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں منگل کو پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت نے جو صورتحال بنا دی ہے وہ مناسب نہیں ہے۔تمام اتحادی بھی اگر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوجائیں تب بھی یہ حکومت چلی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق آئین و قانون واضح ہے لیکن پھر بھی حکومت کی طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں،تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا ایک جمہوری اور آئینی حق ہے۔سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا کے بیانات آئینی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کو شش ہے اور ان بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت کے پاس 172 اراکین اسمبلی نہیں ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت کے پاس نمبرز پورے ہوتے تو یہ اسمبلی اجلاس بلوانے میں دیر نہ لگاتے لیکن عمران خان آج در بدر جارہے ہیں اورمایوس نظر آ رہے ہیں،یہ چند دن بعد سابق وزیراعظم ہو جائیں گے۔سعید غنی نے مزید کہا کہ حکومت کے اپنے اراکین کا ان پر اعتماد نہیں ہے اورعمران خان دھاڑیں مار مار کے رو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی مشاورت کے بغیر پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔سندھ سے متعلق انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی لڑائی کی وجہ سے سندھ کا نقصان ہوتا ہے،ابھی تک ایم کیو ایم نے کوئی وزارتیں مانگیں نہ ہم نے کوئی وزارت دینے کی پیشکش کی تاہم مستقبلِ قریب میں تعاون بڑھنے کے ساتھ معاملات بہتر ہوسکتے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ وفاق جس طرح صوبہ سندھ کے ساتھ زیادتی کررہا ہے اگر اس پر ایم کیو ایم بھی آواز اٹھاتی ہے تو سندھ کا فائدہ ہوگا،ایم کیوایم کی سندھ کے لیے آواز اٹھانے سے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کرنے میں مدد ملے گی،ایم کیو ایم نے بلدیاتی قانون کے حوالے سے بات کی جس کو تسلیم کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں