حکومتی اتحادی پائیدار جمہوری سفرکیلئے اپوزیشن کاساتھ دیں، فضل الرحمن
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) زرداری کی فضل الرحمن سے ملاقات، لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ سابق صدر مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کیلئے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پہنچے جبکہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے 23 مارچ کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آج دعوت دینے کیلئے آصف زرداری کے پاس جانا تھا لیکن وہ خود تشریف لے آئے اور انہوں نے کہا کہ آپ کی دعوت دینے سے پہلے ہی میں نے آپ کی دعوت قبول کرلی ہے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنماو¿ں کا اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف زرداری، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنما شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن رہنماو¿ں نے تحریک اعتماد پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں رہنماو¿ں نے گفتگو کی کہ تمام حکومتی اتحادی پائیدار جمہوری سفرکیلئے اپوزیشن کاساتھ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں لانگ مارچ میں شریک ہوں گی۔


