وزیر اعظم اور وزراء دھمکیاں دے رہے ہیں،اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے، سعید غنی

کراچی (انتخاب نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاثر دیا گیا کہ سندھ ہاؤس میں ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے دیے جارہے ہیں۔ سندھ ہاؤس کے لان میں بیٹھے تھے تو تین ڈرون کیمرے اوپر اڑ رہے تھے۔ ہم اتنے سادہ اور بے وفوق نہیں کہ لان میں بیٹھتے اور یہ پتا نہیں ہوتا، نمبر ہمارے پاس پورے ہیں، عمران حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے، تاثر دیا گیا کہ اراکین اسمبلی کو یرغمال بنایا گیا ہے۔ ایم این ایز نے پیغام دیا کہ وہ پارلیمنٹ لاجز میں محفوظ نہیں، ایک وزیر نے کہا کہ خودکش بمبار بن کر حملہ آور ہوجاتا، ان کو پولیٹیکل مینجمنٹ نہیں آتی، عامر لیاقت سے جب پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں نیوٹرل ہوں، شیخ رشید اور فواد چودھری بھی عمران خان کیخلاف ووٹ ڈالیں گے، قومی اسمبلی کے اجلاس کے دن بہت سے اراکین حکومت کیخلاف ووٹ ڈالیں گے، عمران خان اب تم سابق وزیر اعظم ہونے والے ہو، پھر کہتے رہنا مجھے کیوں نکالا، سندھ ہاؤس پر حملہ ہوا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ میری معلومات کے مطابق کوئی ایم این اے پی ٹی آئی چھوڑ کر کسی جماعت میں شامل نہیں ہوا۔ کسی کے ساتھ زبردستی کی گئی تو شرافت کا لبادہ ہم بھی اتار سکتے ہیں۔ وزیر اعظم لوگوں کی جاسوسی کروا رہے ہیں، وہ اداروں کو کہہ رہا کہ ان کی نگرانی کرو، یہ کام تو کسی عام شہری سے بھی نہیں کیا جاسکتا جو وہ وزراء کے ساتھ کروا رہا ہے، یہ بالکل غیر اخلاقی اور غیر آئینی ہے، سندھ ہاؤس میں کوئی ڈاکو اور اشتہاری تو نہیں ٹھہرے ہوئے جو چھاپا مارا جائے گا، کیا سندھ ہاؤس میں کوئی رکن نہیں ٹھہر سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں