حالات کے پیش نظر بلوچستان بار کا ماتحت عدالتوں سے بائیکاٹ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے حالات کومدنظررکھتے ہوئے ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں سے بائیکاٹ کااعلان کردیا۔ گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسو سی یشن کے صدر عبدالمجید کاکڑکی زیر صدارت ہائی کورٹ بار کاہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر نائب صدرواجہ ظہور بلوچ، نائب صدر راشدرحمن، جنرل سیکرٹری منظور بنگلزئی، جوائنٹ سیکرٹری صابرہ ارباب، فائنانس سیکرٹری عمران کاکڑ، لائبریری سیکرٹری عبدالعزیزاچکزئی بمعہ ایگزیکٹیو کابینہ عبدالمالک مینگل، نعیم مری، عبدالرحیم کاکڑ اور نور بخش بلوچ نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا بلکہ اہم فیصلے بھی کئے گئے،گزشتہ روز محکمہ داخلہ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹس کومدنظررکھتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کافیصلہ کیاگیا، اجلاس میں کہاگیاہے کہ شہر میں تمام سرکاری ونجی سکولز میں سرکاری سطح پر چھٹیوں کااعلان کیاگیاہے جس کومدنظررکھتے ہوئے ہائی کورٹ بار نے حالات کی نزاکت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے 18مارچ کو عدالتوں سے بائیکاٹ اور ہڑتال کااعلان کیاہے۔


