حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کر رہے ہیں، چودھری شجاعت
لاہور (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آج کل ٹی وی اور اخباروں میں آ رہا ہے کہ نوٹوں کی بوریاں کھل گئی ہیں یہاں تک کہ وزیراعظم نے بھی سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں کھلنے کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدم اعتماد کی پہلی تحریک ہے جس میں نہ کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ کوئی ووٹ بیچ رہا ہے، یہ محض پراپیگنڈہ ہے۔چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت تو ہمیشہ جلسے جلوس روکنے کی کوشش کرتی ہے لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کر رہے ہیں، اپوزیشن حکومتی اعلانات دیکھتے ہوئے ہی جلسوں پر اصرار کر رہی ہے، میری ایک مرتبہ پھر اپیل ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنے جلسے جلوسوں کا پروگرام فوری ملتوی کر دیں، ان جلسے جلوسوں میں اگرکوئی مر گیا یا مروا دیا گیا توسب پچھتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ دس لاکھ کے مجمع سے گزر کر عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالنا ہو گا، اس پر میرا کہنا ہے کہ جب کوئی ووٹر ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کر لے تواسے دس لاکھ تو کیا دس کروڑ کا مجمع بھی نہیں روک سکتا۔


