قوم مہنگائی میں پس گئی لیکن اپوزیشن نے کچھ نہ کیا، سعد رضوی

کراچی (انتخاب نیوز) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے کراچی میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ کیا گیا۔ تحریک لبیک پاکستان کے تحت کراچی ائیرپورٹ سے مزار قائد تک مہنگائی کے خلاف مارچ کیا گیا، مارچ میں تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان نے بڑی تعداد میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ پیدل شرکت کی۔ مارچ رہنما تحریک لبیک سعد رضوی کی قیادت میں شارع فیصل اور شارع قائدین سے ہوتا ہوا مزار قائد کے سامنے خدا داد کالونی پہنچا۔ شرکاءسے خطاب میں سعد رضوی نے حکومت اور اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کس منہ کہتے ہیں انہوں نے اسلاموفوبیا کے لیے دنیا بھرمیں آواز بلند کی، جس عمران خان کو قوم آخری امید سمجھتی تھی وہ آج گلیوں میں گھوم رہا ہے۔ سعد رضوی کا کہنا تھا کہ قوم مہنگائی میں پس گئی لیکن اپوزیشن نے کچھ نہ کیا اور اقتدار کی روشنی نظر آتے ہی اپوزیشن ایک ہوگئی، اب عمران خان کو جانا ہوگا لیکن میدان چوروں کے لیے خالی نہیں ہوگا۔ مارچ کے باعث شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں