اپنے مؤقف کو عوام تک پہنچانے کی انتھک جدوجہد کررہے ہیں، بساک

کراچی (انتخاب نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت پیرجان بلوچ منعقد ہوا۔ جنرل باڈی اجلاس کے مہمان خاص مرکزی چیئرپرسن اور مرکزی کمیٹی کے ممبر معراج شاد تھے۔ جنرل باڈی اجلاس میں تنظیمی امور، تنقیدی نشست سمیت مختلف ایجنڈے زیر بحث آئے۔ایجنڈوں پر سیر حاصل گفت و شنید کے بعد تنظیمی بہتری کے لئے متعدد فیصلے کیے گئے۔ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرپرسن نے کراچی میں بلوچ طلباء سیاست پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ طلباء سیاست میں کراچی کا نمایاں کردار رہا ہے کیونکہ پہلی بلوچ طلباء تنظیم نے اپنی طلباء سرگرمیوں کی بنیاد کراچی سے ہی کی۔جس کا تسلسل آج تک کراچی میں دیکھا جاسکتا ہے۔ طلباء سیاست کے آغاز سے ہی کراچی بلوچ طلباء کی سیاست کے حوالے سے متحرک ترین شہروں میں رہا تھا جہاں کئی علمی، ادبی لوگوں نے اپنی خدمات سر انجام دیں اور آج بھی طلباء تنظیموں میں مرکزی عہدوں پر فائز ہیں۔ مرکزی چیئرپرسن نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بدقسمتی سے کراچی کی طلباء سیاست میں مقامی لوگوں کی شرکت خاصی تعداد میں نہیں رہی لیکن تنظیمی سنگتوں کی کاوش کی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقوں میں متواتر سرکل منعقد کئے جارہے ہیں۔ جہاں موجودہ سیاسی صورتحال، کتابوں پر ڈسکیشن کئے جارہے ہیں جو کہ خوش آئند عمل ہے۔ سب سے اہم بات کراچی کے مقامی رہائشی طلباء سیاست میں حصہ لینے کے ساتھ مختلف ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ کراچی کی مختلف جامعات کے ساتھ لیاری، ملیر سمیت مختلف علاقوں میں تنظیم متحرک ہے اور اپنے مؤقف کو عام عوام تک پہنچانے کی انتھک جدوجہد کررہی ہے۔ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن سنگت معراج شاد نے کہا کہ کراچی زون کے کارکنان کی جدوجہد کا ثمر ہے کہ ملیر اب ایک زون بننے جارہا ہے اور دیگر علاقوں میں زیادہ متحرک ہوتا جارہا ہے۔ طلباء تنظیموں کے لئے یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ کسی بھی تنظیم نے چند جامعات کے علاوہ اپنی سیاسی سرگرمیوں کو آگے نہیں بڑھایا لیکن اب بساک اس خلاء کو دور کرنے کی ہر ممکن جدوجہد کررہی ہے۔ اب کراچی ایک بار پھر طلباء سیاست کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ مختلف ایجنڈوں پر سیر حاصل گفت و شنید کے بعد نئی زونل کابینہ کا قیام عمل میں لایا گیا،جہاں پیر جان زونل صدر، شیہک بلوچ زونل نائب صدر، سلیم بلوچ زونل جنرل سیکرٹری، ذکریہ اسمائیل زونل ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور زاہد بلوچ زونل انفارمیشن سیکرٹری نامزد ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں