کوئٹہ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے رمضان پیکج کا حکومتی دعویٰ مذاق بن گیا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے رمضان پیکج کا حکومتی دعویٰ شہریوں کے لیے مذاق بن کر رہ گیا ہے زیادہ تر شہری شدید گرمی اور روزے کی حالت میں گھنٹوں لائن لگا کر خریداری کرنے پر مجبور ہیں تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں رمضان المبارک کے مہینے کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچی ہیں، ساتھ ہی ذخیرہ اندوز من مانی قیمت مقرر کرکے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔کوئٹہ میں ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ماہ رمضان کے شروع ہوتے ہی اشیا ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، مختلف بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیاگیا ہے۔کوئٹہ میں سیب 250روپے کلو، تربوز 150روپے فی کلو اور کیلا 100روپے فی درجن میں فروخت کیا جا رہا ہے، اسی طرح افطار کے اوقات استعمال ہونے والی کھجور بھی 100سے بڑھ 250روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔سبزیوں میں بھنڈی 220روپے فی کلو، مٹر 160روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 80روپے سے بڑھا کر 180روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں جس پر عوام ہمیشہ کی طرح شکایات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔


