آج ان کا آخری دن ہے، ووٹنگ نہیں کرائی تو توہین عدالت ہوگی،ایاز صادق

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہےکہ تحریک عدم اعتماد پر آج ووٹنگ کا آخری دن ہے، اگر کل اجلاس ہوا تو آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اسپیکر نےکہا اجلاس کل تک ملتوی کر دیتے ہیں، وہ اجلاس کیسے کل تک ملتوی کر سکتے ہیں، آج ووٹنگ لازمی ہے، اب صرف عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ 8 بجے ووٹنگ کی کوئی بات نہیں ہوئی، جوبھی فیڈ کر رہا ہے غلط کر رہا ہے، اسپیکر سے بڑی سادہ بات ہوئی ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عمل کریں، یہ فیصلے میں لکھا ہے کہ 10:30 بجےکارروائی کی جائے اور ووٹنگ کرائی جائے۔ایاز صادق نےکہا کہ اسپیکرنے ہمیں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، آج ان کا آخری دن ہے، آج ووٹنگ نہیں کرائی تو توہین عدالت ہوگی، کرسی سے چپکے ہوئے ہیں،کہتے ہیں گھنٹہ دو گھنٹہ زیادہ رہ جاؤں، اچھا نہیں لگتا کہتے پر یہ ان کا چھوٹا پن نظر آرہا ہے، وہ سلیکٹ ہوئے تھے، الیکٹ تو ہوئے نہیں تھے، باربار سلیکشن نہیں ہوتی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ موصول ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ڈپٹی اسپیکر کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا حکم نامہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی صبح دوبارہ ساڑھے 10 بجے بلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ شامل ہے، آرٹیکل 95 کے تحت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قرارداد پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں