بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، دکانوں سے زائد المیعاد اور مضر اشیاءتلف
کوئٹہ، سبی ،مستونگ (انتخاب نیوز) رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع میں کاروائیاں ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رہیں۔ اس سلسلے میں عوامی شکایات و ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کی ہدایت پر بی ایف اے کی موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری ٹیم دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے سبی پہنچ گئی جہاں اتھارٹی حکام نے زونل ڈائریکٹر امداد علی کی سربراہی میں ملک شاپس سمیت مختلف اشیاءخوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کی۔ دودھ کی کوالٹی پرکھنے کیلئے متعدد دکانوں سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کرنے پر 7 ملک شاپس کا دودھ ملاوٹی پایا گیا، دوران چیکنگ 10 جنرل اسٹورز سے بڑی مقدار میں زائد المعیاد خوردنی اشیاءاور مضر صحت چائنیز نمک و فوڈ کلرز برآمد ہوئے جبکہ 1 پکوڑا شاپ میں پکوڑے تیار کرنے کیلئے ناقص کوکنگ آئل و ممنوعہ اجینو موتو استعمال کیا جارہا تھا، قوانین کی خلاف ورزی پر مزکورہ ملک شاپس سمیت تمام مراکز پر جرمانے عائد کرتے ہوئے جنرل اسٹورز سے برآمد ہونے والی مضر اشیاءضبط کرلی گئیں۔مزید برآں کھانے پینے کے مراکز کے باہر عوامی شکایات کے آسان اندراج کیلئے بی ایف اے کے ” کیو آر کوڈ اسٹیکرز ” بھی چسپاں کیے گئے۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ہفتہ اور اتوار کو سابقہ ہدایات و اصلاحی نوٹسز کے باوجود ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر 10 کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائی کی،بی ایف اے حکام نے اے ون سٹی، زرغون روڈ اور طوغی روڈ میں موجود 2 پولٹری شاپس، 1 ہولسیل ٹریڈر، 2 نان شاپس، 2 بیکریوں، 1 ہوٹل، 1 فوڈ کارنر اور 1 سوئیٹس اینڈ جلیبی شاپ پر جرمانے عائدکیے۔ علاوہ ازیں مستونگ میں بی ایف اے کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے دودھ میں ملاوٹ پر 2 ملک شاپس اور زائد المعیاد کولڈرنکس کی فروخت پر 1ہولسیل ٹریڈر اور 1 کولڈرنک اسٹور پر جرمانے عائد کیے۔ ہولسیل ٹریڈر اور کولڈرنک کارنر سے برآمد و ضبط شدہ مشروبات بعدازاں تلف کردی گئیں۔


