معیشت کی بہتری کیلئے قومی اقتصادی کونسل کے قیام کا فیصلہ
اسلام آباد (انتخاب نیوز ) وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ماہرین کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ملک کو درپیش موجودہ سنگین معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے شرکاءکو ملکی معاشی صورتحال، ریونیوز اور بجٹ خساروں پر بریفنگ دی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کو داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال اور مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس میں معاشی ماہرین کو ہنگامی بنیادوں پر سفارشات کی تیاری کا حکم دے دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں اور اجلاس میں نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری اور بینکاری سے متعلقہ طبقات کی آراءکی روشنی میں مرتب ہوں گی، تاجر وکاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آراءلی جائیں گی جب کہ تجاویز کے حصول کے لیے آئندہ چند دنوں میں کانفرنس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے بھی جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں جب کہ رمضان المبارک میں رمضان بازار کی مانیٹرنگ اور اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ معاشی صورتحال اور سنگین مالی خطرات دیکھتے ہوئے فوری وسطی اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں، پالیسی آپشنز پر جامع سفارشات پیش کریں تاکہ ٹھوس اقدامات لیے جاسکیں۔ واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اپنے پہلے ہی خطاب کے دوران مزدور کی کم سے کم اجرت 25 ہزار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اعلانات پر عملدرآمد کے احکامات بھی جاری کیے۔


