صوبے میں آئندہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا اجلاس الیکشن کمیشن حکومت بلوچستان کی بلدیاتی انتخابات م¶خر کرنے کی درخواست مسترد ہونے پر ہنگامی طور پر طلب کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایم بی آر ارشد مجید، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد ہاشم غلزئی، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عمران گچکی، سیکرٹری لاءمحمد اکبر حریفال، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالرحمن بزدار، سیکرٹری خزانہ حافظ عبد الباسط جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات 29مئی کو ہوں گے اور انتخابات کو منعقد کرنے کے لیے صوبائی حکومت فوری طور پر تیار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں آئندہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا ہے اور کاغذات نامزدگی پر کرنے کیلئے 4دن جو کہ 15 اپریل سے 18 اپریل تک کا وقت دیا گیا ہے۔ نامزد امیدواروں کا نام 19 اپریل کو جاری ہوں گے۔ ریٹرننگ آفیسر تین دن(20 سے 22 اپریل) میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جبکہ 23 سے 26 اپریل تک امیدواران ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر سکتے ہیں۔ اپیلٹ ٹربیونل کی طرف سے درخواستوں کا فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 27 سے 30 اپریل تک ہے۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت یکم مئی ہے۔ امیدواروں کو دستبردار ہونے کے لئے آخری تاریخ 2مئی ہے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال اور حتمی امیدواروں کے بعد انہیں انتخابی نشان 7مئی کو الاٹ کیا جائے گا۔ 29 مئی کو پولنگ ہوگی جبکہ 3 جون تک بلدیاتی انتخابات کے نتائج جاری کئے جائینگے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات صاف و شفاف ہوں گے اور اس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے حساس اضلاع میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات تک صوبے ٹرانسفر پوسٹنگ پر مکمل طور پر پابندی ہوگی۔


