بلیہ، آر سی ڈی شاہراہ کے دونوں اطراف فش ملز ماحولیاتی آلودگی کا باعث

بیلہ (انتخاب نیوز) محکمہ تحفظ ماحولیات برائے نام رہ گیا ہے آدم کھنڈ سے وندر سٹی تک فش ملز ماحولیاتی آلودگی اور انسانی آبادیوں کیلئے مضر صحت ہیں آر سی ڈی شاہراہ کے دونوں اطراف فش ملز ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنی ہوئی ہیں تحفظ ماحولیات کے افسران کی چشم پوشی باعث تشویش امر ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی قلات ڈویژن کے جنرل سیکرٹری اور لسبیلہ کی معروف و ممتاز قبائلی شخصیت شریف پالاری نے اتوار کے روز آن لائن اور عوامی پریس کلب بیلا کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی روز بروز بڑھتی جارہی ہے اور محکمہ تحفظ ماحولیات لسبیلہ کے افسران صرف فوٹو سیشنز تک محدود ہیں مین آر سی ڈی شاہراہ کے دونوں طرف آدم کھنڈ سے لے کر وندر سٹی تک مچھلی کے گند کی درجنوں غیر قانونی فش ملز قائم ہیں جو نہ صرف سڑک حادثات بلکہ ماحولیاتی آلودگی کا بھی سبب بنی ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ فش ملز انسانی آبادیوں کو شدید متاثر کررہی ہیں گندگی اور تعفن نے علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر کردیا ہے یہ فش ملز محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران کی ناک کے نیچے قائم ہیں اور افسران خواب خرگوش میں مبتلا ہیں اور فرائض سے غافل ہیں پالاری نے کہا کہ غیر قانونی اور آلودگی میں اضافے کا باعث یہ فش ملز نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے قوانین کے بھی خلاف ہیں قومی شاہراہ کے ٹریفک میں بھی خلل کا باعث ہیں انہوں نے کہا کہ ان فش ملز کو انسانی آبادیوں اور قومی شاہراہ سے دور منتقل کردیا جائے اور انسانی آبادیوں اور ماحول کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر پاکستان پیپلز پارٹی رمضان المبارک کے بعد شدید ردعمل اور لائحہ عمل طے کرے گی جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تحفظ ماحولیات کے غافل افسران پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں